بھارتی ریاست تامل ناڈو میں طالبات سے واش روم صاف کرانے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پرنسپل کو معطل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گاؤں میں موجود اس اسکول میں 1 تا 8 ویں جماعت کے طلبہ پڑھتے ہیں، تصاویر اور ویڈیو سامنے آنے کے بعد معاملے کی مزید تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیفارم میں ملبوس طالبات کی صفائی کرنے کی تصاویر سامنے آنے کے بعد والدین نے محکمۂ اسکول سے رابطہ کر کے شکایت درج کرائی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طلبہ کے والدین نے پرنسپل پر الزام عائد کیا ہے کہ پرنسپل طلبہ کو بیت الخلاء کی صفائی، اسکول میں جھاڑو دینے، پانی لانے اور دیگر کاموں کو کرنے کا کہتی ہیں۔
اس واقعے پر گاؤں کے رہائشیوں نے احتجاج کر کے اسکول پرنسپل کے خلاف سخت اور فوری ایکشن لینے کا بھی مطالبہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع کے چیف ایجوکیشن افسر نے پرنسپل کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔