پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زویا ناصر نے اپنی والدہ کے ساتھ ہونے والی ایک ڈکیتی کی واردات کی دلچسپ کہانی سنا دی۔
زویا ناصر نے حال ہی میں سب تک نیوز کے پروگرام ہنسنا منع ہے میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
شو کے میزبان تابش ہاشمی نے اداکارہ سے دلچسپ انداز میں سوال کیا کہ جرائم کی دنیا میں آپ کے کافی کارنامے ہیں خاص طور پر آپ کی والدہ کے بارے میں تو میں نے سنا ہے کہ بات بات پر اغواء ہو جاتی ہیں، کیا وہ مشغلے کے طور پر اغواء ہو رہی ہیں کہ فارغ بیٹھی ہوں تو اغواء ہو جاؤں، ایک اغواء کی کہانی تو مشہور بھی ہوئی، یہ کیا ماجرا ہے؟
اداکارہ سوال سن کر قہقہہ لگا کر ہنسیں اور جواب دیا کہ میری امی کے ساتھ ایسے کئی واقعات ہوئے ہیں لیکن ایک بار امی رات کے وقت گھر پہنچنے ہی والی تھیں کہ ڈاکوؤں نے ان کی گاڑی کو گھیر کر اُنہیں گاڑی سے باہر نکال دیا کیونکہ وہ امی سے گاڑی چھیننے کے لیے آئے تھے۔
زویا ناصر نے مزید بتایا کہ اب جب امی کو ان کی نیت سمجھ آگئی تو اُنہوں نے ڈاکوؤں کے سامنے ناٹک کرنا شروع کر دیا کہ بیٹا مجھے تو یہاں سے اپنے گھر کا راستہ بھی نہیں معلوم، میں گم ہو جاؤں گی یا مجھے کوئی مار دے گا تو تم لوگ مجھے میرے گھر کے قریب اتار دو۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس وقت رات کے 2 بج رہے تھے اور امی گھر کے قریب ہی تھیں لیکن اُنہوں نے ڈاکوؤں کو گاڑی لے کر بھاگنے نہیں دیا اور اپنا ناٹک جاری رکھا اور گاڑی میں بیٹھ گئیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ دراصل جب ڈاکو اپنی واردات کے لیے امی کے پاس پہنچے اور ان کو گاڑی سے نکالا تو اس وقت وہ میرے ایک انکل سے فون پر بات کر رہی تھیں اور جیسے ہی ڈاکو آئے تو فوراََ موبائل گاڑی کی سیٹ کے نیچے پھینک دیا تھا اور وہ سارا ناٹک اس لیے کر رہی تھیں تاکہ انکل جو فون پر امی کی آواز سن رہے ہیں اُنہیں پتہ چل جائے کہ امی کہاں ہیں اور وہ وہاں پولیس کو بھیج دیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس طرح ناٹک کر کے امی نے انکل کو سمجھا دیا کہ وہ کہاں ہیں اور پھر انکل نے پولیس کو بھیج کر ڈاکوؤں کو پکڑوا دیا جب پولیس نے ان ڈاکوؤں سے تفتیش کی تو پتہ چلا کہ سب طالب علم ہیں، کسی کے والد کا انتقال ہوگیا ہے، کسی کی پراپرٹی پر قبضہ ہوگیا، کسی کو نوکری نہیں مل رہی، کسی کی بہن کی شادی کے لیے پیسے نہیں ہیں تو یہ سب جاننے کے بعد امی نے ان کو معاف کردیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ امی نے ان میں سے ایک کی بہن کی شادی بھی کروائی تو اس کی والدہ ہمارے گھر اکثر اچار اور چٹنی بھجوایا کرتی تھیں تو ہم لوگ کہتے تھے کہ ڈاکو کے گھر سے بہت مزے کی چٹنی آئی ہے۔