بھارت اور بنگلہ دیش کے خراب تعلقات کی وجہ سے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم ایمرجنسی پر بنگلہ دیش میں پابندی لگادی گئی۔
واضح رہے کہ کنگنا کی ڈائریکشن میں بننے والی یہ فلم جمعہ 17 جنوری کو ریلیز ہوگی، فلم کی کہانی بھی انہوں نے ہی لکھی ہے۔
یہ فلم 1975 میں سیاسی صورتحال کے باعث اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کی جانب سے ملک میں لگائی جانے والی ایمرجنسی کے تناظر میں بنائی گئی ہے اور کنگنا نے اندرا گاندھی کا کردار ادا کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پابندی کی وجہ فلم کا مواد نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی ہے۔
تاہم اس فلم میں بھارتی فوج اور اندرا گاندھی کے کردار کو اجاگر کرنے کے ساتھ شیخ مجیب الرحمان کی مدد کی بھی تصویر کشی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پشپا 2 اور بھول بھلیاں 3 بھی بنگلہ دیش میں پابندی کی وجہ سے دکھائی نہیں جاسکی ہیں۔