وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں گوادر پورٹ کی فعالیت کے امور کا جائزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ زیادہ شپمنٹس گوادر پورٹ منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزارت منصوبہ بندی وترقی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں گوادر پورٹ کو فعال کرنے کے لیے قلیل اور درمیانی مدت کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال ہوا۔
اجلاس میں ممبر انفراسٹرکچر نے گوادر پورٹ کی فعالیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوادر بندرگاہ پاکستان کو بین البراعظمی گزرگاہ کے طور پر منفرد مقام دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ بندرگاہ چین کے شہر شین یانگ تک مختصر ترین تجارتی راستہ فراہم کرتی ہے۔
احسن اقبال نے نجی شعبے سے بندرگاہ کے ذریعے تجارت بڑھانے کے لیے ٹھوس تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ شپمنٹس کو گوادر پورٹ منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے وزارت بحری امور کو ہدایت کی کہ گوادر کی ترقی کے لیے قابل عمل روڈ میپ تیار کیا جائے۔