جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کو اپنے دماغ پر سوار کرنے کی کیا ضرورت ہے، امریکی عوام کی مرضی وہ جسے چاہیں اپنا صدر منتخب کریں، ہمارے سامنے اپنے ملک کی سلامتی کا سوال ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے اصولوں کو مدنظر رکھ کر مذاکرات کیے اور کامیاب ہوئے، میری خواہش ہے کہ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہوں، سب سے پہلی ترجیح عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مجھے پی ٹی آئی کے مطالبات کا معلوم نہیں، میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ سیاستدانوں کو گرفتار نہیں کرنا چاہیے، کوئی بھی اپنی حدود سے تجاوز کرتا ہے تو اسے اپنے رویے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ سیاسی آدمی ہوں، ہمیشہ سے مذاکرات کا حامی ہوں، اصول پر ہونے سے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو آمادہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔