غزہ میں جنگی بندی کے معاہدے کے بعد امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے اسرائیلی وزیرِ اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو نے مشرقِ وسطیٰ کی تاریخ کی خونی جنگ کا آغاز کیا تھا۔
ان کا غزہ میں جنگی بندی پر ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے حماس کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کا اعلان کیا تھا، آج اسی حماس کے سامنے جھک کر جنگ بندی کا معاہدہ کرنا پڑا ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ یہ صرف اسرائیل کی نہیں بلکہ امریکا کی بھی شکست ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نیتن یاہو نے مشرقِ وسطیٰ کی تاریخ کی خونی جنگ کا آغاز کیا تھا، آج اہلِ غزہ سرخرو ہو گئے ہیں، اس جنگ کے 47 ہزار شہداء بھی زندہ رہیں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ اور یحییٰ سنوار اپنے بھائیوں کی جیت کا نظارہ کر رہے ہیں ہوں گے، شہداء اہلِ غزہ کے جشن کا نظارہ کر رہے ہوں گے، شہید زندہ رہتے ہیں۔