پاکستانی معروف گلوکار عاطف اسلم نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار و میزبان حمزہ علی عباسی اور سابقہ اداکارہ نیمل خاور خان کی شادی میں میرا ہاتھ تھا۔
اداکار و گلوکار عاطف اسلم، حمزہ علی عباسی اور نیمل کی ایک مختصر سی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
اس وائرل ویڈیو میں تینوں فنکاروں و قریبی دوستوں کو سیاہ لباس میں خوش گوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ حمزہ علی عباسی میرے حاجی بھائی ہیں، ہم نے حج ایک ساتھ کیا تھا اور مجھے یاد ہے کہ حج کے دوران حمزہ کے پاس موبائل نہیں تھا، حمزہ نے بتایا تھا کہ نیمل کا میسج آئے گا، نیمل نے میسج کیا تو حمزہ میرا موبائل لے کر بیٹھ گئے اور یہ دونوں باتیں کرتے رہے۔
عاطف اسلم نے کہا کہ حج کے دوران ہی ان دونوں نے فیصلہ کیا کہ شادی کب ہو گی، کہاں ہو گی، حمزہ علی عباسی نے میرے موبائل پر ہی نیمل سے شادی کے معاملات پر بات کی تھی۔
عاطف اسلم کے مطابق نیمل نے حمزہ سے بال نہ کٹوانے کا کہا تھا۔
اس دوران ہنستے ہوئے حمزہ علی عباسی نے کہا کہ عاطف اسلم میرے حاجی بھائی ہیں، حج میں عاطف میرے ساتھ تھے اور انہوں ہی نے مجھے صابن دیا تھا، میرے پاس ٹوتھ برش اور چپل بھی نہیں تھی، عاطف اسلم ہی نے مجھے یہ سب چیزیں دی تھیں۔
حمزہ علی عباسی ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ عاطف اسلم نے حج پر میری کافی مدد کی۔
اداکار نے ویڈیو کے اختتام پر عاطف اسلم کا شکریہ بھی ادا کیا۔