وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ 3 کروڑ روپے تک کا قرضہ بلا سود ملے گا۔
لاہور میں آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن کو 3 کروڑ سے زیادہ کا قرضہ چاہیے وہ بھی اپلائی کر سکتے ہیں، قرضہ ملنے کے بعد بھی اگر کوئی مشکل آتی ہے تو ہم مدد کریں گے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ اپنا کاروبار کرنا اس سے پہلے اتنا آسان نہیں تھا، آسان شرائط پر قرضہ دیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، نواز شریف کی حکومت میں معیشت بہتر ہوئی تھی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوا تھا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ 2018ء کے بعد معیشت کو تباہی سے دوچار کیا گیا، معیشت دوبارہ بہتری کی جانب گامزن ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے، اسٹاک ایکسچینج بہتر ہوئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولتیں فراہم کریں گے، مضبوط معیشت کے ثمرات اب عوام تک پہنچ رہے ہیں۔