کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے خاتون ٹیچر کو ہراساں کرنے اور دھمکانے کے ملزم کو ڈیڑھ سال قید کی سزا سنادی۔
عدالت نے استانی کو ہراساں کرنے اور دھمکانے والے مجرم پر 45 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت نے قرار دیا کہ اس کیس میں ایک سے زائد گواہ کی ضرورت نہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مجرم راشد گریڈ 9 کا ملازم تھا لیکن خود کو پرنسپل ظاہر کرتا تھا۔ مجرم کی مسلسل دھمکیوں کے زیرِ اثر مقدمہ تاخیر سے درج ہوا۔
عدالت نے قرار دیا کہ مجرم متاثرہ خاتون کی عزت مجروح کرنے کا مرتکب ہوا ہے، تمام دلائل اور شواہد کی روشنی میں ملزم کو سزا سنائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ ڈاکس میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔