مسلم لیگ ن کے رہنما عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ ریفرنس کا فیصلہ آنے کے بعد بھی مذاکرات چلتے رہیں گے، اس میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔
عرفان صدیقی نے’ سب تک نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ہو رہے ہیں، ان میں اونچ نیچ بھی آتی رہی ہے، بانیٔ پی ٹی آئی کا ایک تلخ بیان بھی آیا، اُنہوں نے وزیرِ اعظم سے متعلق اچھے ریمارکس نہیں دیے تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم سے متعلق اچھے ریمارکس نہ ہونے کے باوجود بھی مذاکرات چلتے رہے۔
لیگی رہنما نے بتایا کہ پہلی میٹنگ میں طے کیا تھا کہ باہر کے عوامل کو مذاکرات پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ وقاص اکرم کا بھی بیان تھا کہ ریفرنس کا جو بھی فیصلہ آیا مذاکرات تعطل کا شکار نہیں ہوں گے۔