آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مقامی الیکٹروآپٹیکل سیٹلائٹ لانچ ملکی خلائی سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے، ای او ون سیٹلائٹ پاکستان کے مختلف شعبوں میں فائدہ مند ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیٹلائٹ سے زراعت میں فصلوں کی نگرانی کی جاسکے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیٹلائٹ سے آبپاشی کی ضروریات کا اندازہ لگا کر پیداوار کی پیشگوئی کی جاسکے گی، سیٹلائٹ غذائی تحفظ کے اقدامات، شہری ترقی کی منصوبہ بندی اور شہری پھیلاؤ کو منظم کرنے میں مدد کرے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیٹلائٹ ماحولیاتی نگرانی اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، زلزلوں، جنگلات کی کٹائی اور زمین کے کٹاؤ سے متعلق بروقت اپ ڈیٹ فراہم کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیٹلائٹ معدنیات، تیل و گیس کے شعبوں اور آبی وسائل کی نگرانی میں معاونت کرے گا، سیٹلائٹ قومی خلائی پالیسی کے اہداف کیساتھ خلائی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں میں اضافے کیلیے تیار کیا گیا۔