کراچی (نیوز ڈیسک) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ نے جمعہ کو ایک فون کال میں ٹِک ٹِک، تجارت اور تائیوان سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا ہے، گفتگو کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ صدر شی جن پنگ اور میں دنیا کو مزید پرامن اور محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن کام کریں گے۔ ٹرمپ کے دوبارہ عہدہ سنبھالنے سے چند روز قبل دونوں رہنمائوں کے درمیان یہ پہلا باضابطہ رابطہ ہے، ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی چین پر ٹیرف میں اضافے کا اعلان کررکھا ہے اور اس اقدام سے دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تناؤ بڑھ سکتا ہے۔ چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق، دونوں رہنما اس کال کے بارے میں پرجوش تھے۔