گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ غلطی کرنے والے شخص کو معافی مانگنی ہوگی۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر گراؤنڈ میں تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ سیاست تو زندگی بھر چلتی رہے گی، ایسا کام نہ ہی کریں جس پر معافی مانگنی پڑے، جس شخص نے غلطی کی ہے تو معافی مانگنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے مستقبل کی بات کرنی ہے، ملک معاشی طور پر مستحکم ہوتا جارہا ہے، پاکستان کا مستقبل مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کافی متحرک ہیں، آئی سی سی کے میگا ایونٹ کے انتظامات بہت اچھے نظر آرہے ہیں، اس دوران کراچی میں شاندار تقاریب کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بچوں کو بےراہ روی سے بچانا ہم سب کا مقصد ہے، بچوں کیلئے صحت مندانہ سرگرمیاں ضروری ہیں۔
گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ 27 جنوری کو کراچی میں میراتھون ہوگی، جس میں ہر ایک حصہ لے سکتا ہے، کھیل سے معاشرے میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔