غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر عملدر آمد شروع ہونے کے بعد حماس نے 3 اسرائیلی یرغمالی خواتین کو رہا کرنے کے بعد ریڈ کراس کے حوالے کردیا۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام کے مزاحمت کاروں نے ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں اسرائیلی یرغمالی خواتین کو ریڈ کراس کے حوالے کیا۔
اس موقع پر غزہ میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ القسام کے لوگوں نے نظم و ضبط کو سنبھالا ہوا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اسرائیلی مغویوں کو انٹرنیشنل ریڈکراس کے سپرد کردیا۔ یرغمالی خواتین میں رومی گونن، ایملی دماری، ورون شتنبر خیر شامل ہیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ریڈ کراس کی گاڑیاں یرغمالی خواتین کو لینے غزہ شہر پہنچی تھیں۔ عالمی ریڈ کراس اسرائیلی خواتین کو اسرائیل کے خصوصی فوج یونٹ پہنچائے گی، اسرائیلی خواتین کو غزہ کے نزدیک اسرائیلی فوجی مقام پر لے جایا جائے گا۔
اسرائیلی فوجی مقام پر رہا ہونے والی اسرائیلی خواتین کا ابتدائی طبی معائنہ ہوگا، اسرائیلی خواتین کو ابتدائی طبی معائنے کے بعد اسپتال پہنچا دیا جائے گا، اسرائیلی خواتین اسپتال میں ہی اپنے اہلخانہ سے ملاقات کریں گی۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی خواتین کی رہائی کا عمل پورا ہونے پر اسرائیل 90 فلسطینیوں کو رہا کرے گا، اسرائیلی قید سے رہائی پانے والوں میں زیادہ تر فلسطینی خواتین اور بچے شامل ہوں گے، 90 فلسطینی قیدیوں کو مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس سے رہا کیا جائے گا، اسرائیلی قید میں موجود 90 فلسطینیوں میں 69 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں۔