کراچی میں جنوری کا آخری ہفتہ سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی میں 23 اور 24 جنوری کے دوران درجۂ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جانے کا امکان ہے۔
سردار سرفراز نے کہا کہ جنوری کا آخری ہفتہ سرد رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ فروری کے ابتدائی ہفتے میں بھی موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت 14سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں شمال مشرق سے چلنے والی ہوا کی رفتار 8 سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جس میں نمی کا تناسب 37 فیصد ہے۔
قلات میں درجۂ حرارت صفر ڈگری ریکارڈ
دوسری جانب ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ بلوچستان میں بھی مسلسل برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے شمالی سمیت بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود اور موسم سرد ہے۔
آج کوئٹہ، مستونگ، زیارت، چمن میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ چاغی، نوشکی، قلات، ہرنائی، ژوب، موسیٰ خیل میں بھی بارش کا امکان ہے۔
وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود اور موسم سرد ہے جبکہ آج پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔
کوئٹہ میں آج کم سے کم درجۂ حرارت گری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات میں کم سے کم درجۂ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔