دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بڑے بریک ڈاؤن کے بعد اسٹیشن کی بجلی 10بج کر 45 منٹ پر بحال کر دی گئی۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 9 بج کر 15 منٹ پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا، بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی تمام پمپنگ بند ہو گئی تھی، بجلی بحال ہونے کے بعد شہر کو متبادل لائنوں سے پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔
چیف انجینئر واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ بریک ڈاؤن کے باعث لائن نمبر 1 اور لائن نمبر 5 متاثر ہوئی، متاثرہ لائنوں کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، لائن نمبر 5 کا مرمتی کام 24 گھنٹوں میں جبکہ لائن نمبر 1 کا مرمتی کام 4 روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔
چیف انجینئر واٹر کارپوریشن نے کہا ہے کہ شہر کو متبادل لائنوں سے پانی کی فراہمی جاری ہے، شہر کو یومیہ 650 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے، مرمتی کام کے باعث شہر کو یومیہ 100 ایم جی ڈی یومیہ پانی کی کمی ہوگی۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق شہر کو 550 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی جاری رہے گی۔