غزہ سے گزشتہ روز 3 اسرائیلی یرغمالی خواتین کو رہا کیا گیا، حماس کی قید سے رہائی پانیوالی خواتین میں شامل 28 سالہ برطانوی نژاد ایملی دماری نے خود کو خوش قسمت قرار دے دیا۔
اسرائیلی برطانوی شہریت رکھنے والی 28 سالہ ایمیلی داماری نے اپنی رہائی کے بعد پہلی مرتبہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’زندگی کی طرف لوٹ آئی ہیں۔‘‘
غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے معاہدے کے بعد حماس نے اسرائیل کی 3 یرغمالی خواتین کو رہا کیا تھا، رہا ہونے والی خواتین میں 24 سالہ رومی گونن، 28 سالہ برطانوی نژاد ایملی دماری اور 31 سالہ ورون شتنبر خیر شامل ہیں۔
ایمیلی داماری کو گزشتہ روز قیدیوں کے تبادلے کے تحت رہا کیا گیا، وہ 471 دن حماس کی قید میں رہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے خاندان اور ان افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے قیدیوں کی رہائی کیلئے اسرائیل میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیا تھا۔
اسرائیلی خاتون کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کا شکریہ، میں دنیا کی سب سے خوش قسمت انسان ہوں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایمیلی داماری کو 7 اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل میں کیے جانیوالے حملوں کے دوران یرغمال بنا کر اپنی قید میں رکھ لیا تھا۔