پاکستانی نژاد امریکی ریپر اور گلوکار بوہیمیا لاہور میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران بد انتظامی دیکھ کر سیخ پا ہوگئے۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ بوہیمیا کی پنجاب کے دارالخلافہ شہر لاہور میں میوزک فیسٹیول کے دوران ناقص انتظامات پر منتظمین پر غصہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں بوہیمیا کو اپنا وقت ضائع ہونے پر غصے کا اظہار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
بوہیمیا پرفارمنس دینے کے لیے اسٹیج پر آتے ہی انتظامیہ پر برس پڑے۔
بوہیمیا کا کہنا تھا کہ ’میں پچھلے 5 گھنٹے بیک اسٹیج بیٹھا ہوا ہوں اور اپنی پرفارمنس کا انتظار کر رہا ہوں اور اب آپ کہہ رہے ہیں کہ وقت کم ہے، وقت ختم ہوگیا ہے۔‘
بوہیمیا کا مزید کہنا ہے کہ ’میں اس کنسرٹ کی اور انتظامیہ کی عزت کرتا ہوں مگر یہاں بد انتظامی ہوئی ہے، یہ لوگ مجھے سننے کے لیے یہاں آئے ہیں اور اتنی دیر سے اسٹیج پر بکواس چل رہی ہے، میں آپ سب کے لیے 90 منٹ کا شو تیار کر کے لایا تھا، اب تو اسٹیج سے ہی سیدھا جیل جاؤں گا‘، یہ کہتے ہی بوہیمیا نے اپنی پرفارمنس کا آغاز کیا۔
یاد رہے کہ لاہور میں ’سول فیسٹیول‘ کا میوزک کنسرٹ منعقد کیا گیا تھا جس میں متعدد گلوکاروں اور ریپرز نے پرفارمنس دی تھی۔
کنسرٹ میں بلال سعید، عاصم اظہر، فارس شفیع اور بوہیمیا سمیت دیگر گلوکاروں نے شاندار پرفارمنسز سے مداحوں کے دل گرمائے تھے۔