پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مرکزی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ نہریں نکالنے کے معاملے پر غلط بیانی نہ کی جائے۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں شیر ی رحمان نے کہا کہ منصوبے سے سندھ کی زمینیں بنجر ہو جائیں گی، پانی کی تقسیم پہلے ہی 1991ء کے معاہدے کے تحت نہیں ہورہی۔
انہوں نے کہا کہ کسی صوبے نے نئی نہروں کی منظوری نہیں دی، معاملہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے، غلط بیانی نہ کی جائے، نہریں نکالنے کے معاملے پر کسی نے رضا مندی نہیں دی ہے۔
پی پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ اگر کوئی مجبوری ہے، کوئی معاہدہ کر لیا ہے، تو کم از کم ہمیں بتایا تو جائے، ہم بھی پاکستانی ہیں، ہم پاکستان کے مفاد کیخلاف نہیں جائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کےلیے خط لکھ چکے ہیں، اب تک اجلاس نہیں بلایا گیا۔
شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ سی سی آئی بلائیں، تحفظات دور کریں، بتائیں کہ کارپوریٹ فارمنگ کےلیے پانی کہاں سے آئے گا؟