بھارت میں ایک مذہبی بابا نے جعلی دلہن کے ساتھ مل کر دولہا کو لوٹ لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں دولہا عدالت میں اپنی شادی رجسٹر کروانے کا انتظار ہی کرتا رہ گیا اور اس کی دلہن ساڑھے 3 لاکھ روپے کے زیورات لے کر فرار ہو گئی۔
نیرج نامی شہری کے مطابق مقامی بابا پرامود لڑکی کا رشتہ لے کر آیا تھا اور اسی بابا نے لڑکی سے ملاقات بھی کرائی تھی، جس کے بعد دونوں نے فون پر گفتگو بھی شروع کر دی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس معاملے کے ایک ماہ بعد لڑکے نے بابا کو بتایا کہ وہ لڑکی سے شادی کرنے کے لیے تیار ہے۔
بعد ازاں شادی کے دن نیرج نے اپنے خاندان کی طرف سے مندر میں ہونے والی تقریب میں دلہن کو ساڑھے 3 لاکھ روپے کے زیورات تحفے میں دیے، جس کے بعد لڑکا لڑکی، لڑکے کے اہلِ خانہ اور بابا شادی رجسٹر کرانے کے لیے مقامی عدالت میں چلے گئے۔
نیرج کے مطابق عدالت پہنچ کر لڑکی نے مجسٹریٹ کے دفتر میں چند تصاویر لیں جس کے بعد شادی کے اندراج کے لیے کاغذات پر دستخط کرنے سے پہلے اچانک خاتون اور بابا وہاں سے غائب ہو گئے۔
بعد میں لڑکے اور اس کے اہلِ خانہ نے بابا اور لڑکی کو بہت ڈھونڈا تاہم دونوں نہ ملے جس کے بعد انہیں احساس ہوا کہ ان کے ساتھ فراڈ ہوا ہے۔
متاثرہ اہلِ خانہ نے پولیس کو اطلاع کر دی ہے جس کے بعد اس سارے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔