فلسطینی یونیورسٹی غزہ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر سالم صباح نے کہا ہے کہ غزہ کی تمام جامعات اور اسکول تباہ ہوچکے ہیں۔
انہوں نے یہ بات منگل کو اسلامی ممالک کی تنظیم، تنظیمِ تعاون اسلامی (او آئی سی) کے ذیلی ادارے اسٹینڈنگ کمیٹی فار سائنٹفک اینڈ ٹیکنالوجیکل کوآپریشن (کامسٹیک) کے تحت کنسورشین آف ایکسیلنس کا سالانہ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔
پروفیسر ڈاکٹر سالم صباح کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے 14 ہزار بچوں شہید کیے جبکہ ہزاروں زخمی ہیں، غزہ میں زندگی بہت مشکل ہو چکی ہے اور تعلیم ختم ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت 10 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔
کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ فلسطینی طلباء کے لیے 5000 اسکالر شپ دی گئی ہیں جنہیں مزید بڑھایا جائے۔
اس موقع پر قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز نے شرکاء سے کہا کہ وہ اپنی جامعات میں مظلوم فلسطینی طلباء کے لیے زیادہ سے زیادہ اسکالر شپ کے مواقع فراہم کریں۔
جس وقت فلسطینی پروفیسر کو خطاب کی دعوت دی گئی تو ہال کے شرکاء نے کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔