پاکستانی نژاد امریکی ریپر اور گلوکار بوہیمیا نے لاہور میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران بد انتظامی پر برہمی کا اظہار کرنے کے بعد یوٹرن لے لیا۔
بوہیمیا کی کچھ روز پہلے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ لاہور میں ہونے والے سول میوزک فیسٹیول میں ناقص انتظامات کی وجہ سے منتظمین پر غصہ کرتے نظر آ رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں پچھلے 5 گھنٹے بیک اسٹیج بیٹھا ہوا ہوں اور اپنی پرفارمنس کا انتظار کر رہا ہوں اور اب آپ کہہ رہے ہیں کہ وقت کم ہے، وقت ختم ہو گیا ہے۔‘
گلوکار کا کہنا تھا کہ ’میں اس کنسرٹ کی اور انتظامیہ کی عزت کرتا ہوں مگر یہاں بد انتظامی ہوئی ہے، یہ لوگ مجھے سننے کے لیے یہاں آئے ہیں اور اتنی دیر سے اسٹیج پر بکواس چل رہی ہے، میں آپ سب کے لیے 90 منٹ کا شو تیار کر کے لایا تھا، اب تو اسٹیج سے ہی سیدھا جیل جاؤں گا‘، یہ کہتے ہی بوہیمیا نے اپنی پرفارمنس کا آغاز کیا۔
اب بوہیمیا کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ سول میوزک فیسٹیول کی خوب تعریفیں کرتے نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے سول میوزک فیسٹیول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سول فیسٹ اب ختم ہو گیا ہے، میں اس فیسٹیول میں پرفارم کرنے کے لیے بہت پُرجوش تھا۔
گلوکار نے کہا کہ سول فیسٹ کے بارے میں جو بھی بتایا گیا تھا وہ سب کچھ سچ تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ پاکستان میں ہونے والے بہترین میوزک فیسٹیولز میں سے ایک ہے۔
بوہیمیا نے کہا کہ اس فیسٹیول میں کھانا، اسٹیج، سیٹ اپ، لائٹس سب کچھ بہت زبردست تھا۔
اُنہوں نے انتظامیہ کا سول فیسٹ کا زبردست انداز میں انعقاد کروانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس فیسٹیول میں بہت زیادہ مزہ آیا اور جو لوگ اس فیسٹیول میں نہیں آئے اُنہوں نے ایک سنہری موقع گنوا دیا۔