بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم ڈنکی کے اداکار ورون کلکرنی بیمار ہوگئے، اسپتال میں زیر علاج فنکار کو بلوں کی ادائیگی کےلیے مالی امداد کی ضرورت پڑگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورون کلکرنی گردے کی بیماری میں مبتلا ہیں، وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں انہیں ہفتے میں کم از کم 2 بار ڈائیلاسز کے پیچیدہ مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے۔
اداکار کے دوست روشن شیٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ورون کلکرنی کی تازہ تصویر شیئر کی اور بتایا کہ وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں، انہیں مالی مسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے پوسٹ میں مزید بتایا کہ ورون کلکرنی نے اسپتال کے بل ادا کرنے ہیں، ضرورت کی اس گھڑی میں مدد کی جائے۔
روشن شیٹی نے یہ بھی کہا کہ میرے پیارے دوست اور تھیٹر کے شریک فنکار ورون کلکرنی اس وقت گردے کی بیماری سے لڑرہے ہیں، وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں، اخراجات جمع کردہ فنڈ سے تجاوز کرگئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ورون کلکرنی کو ڈائیلاسز کے ساتھ اُن کی طبی دیکھ بھال اور اسپتال کے ہنگامی وزٹ کے باعث اُن کے اخراجات بڑھ گئے ہیں۔
روشن شیٹی نے مزید کہا کہ ورون نہ صرف ایک شاندار فنکار ہیں بلکہ ایک مہربان اور بے لوث انسان بھی ہیں، جس نے چھوٹی عمر میں والدین کو کھودیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہت خود دار انسان ہے، جس نے زندگی کی تمام مشکلات کے باوجود اپنے تھیٹر کے شوق کو جاری رکھا، جس کی زندگی اب مالی تنگ دستی سے نبرد آزما ہے۔