بھارتی اداکار سیف علی خان کے گھر پر چوری کی کوشش کرنے والے ملزم نے واردات کرنے کی وجہ بتادی۔
سیف علی خان کے گھر پر 16 جنوری کی رات چوری کی واردات کی ناکام کوشش ہوئی، اس دوران ملزم نے سیف علی خان کو چھریوں کے وار کرکے زخمی کردیا اور اپنا مقصد ادھورا چھوڑ کر بھاگ نکلا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واردات کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا جس کا نام شریف الاسلام اور تعلق بنگلادیش سے بتایا گیا۔
ہر گزرتے دن سیف علی خان پر حملے کے ملزم کے بیانات خبروں کی زینت بن رہے ہیں، تاہم ایک ایسا ایک اور بیان سامنے آگیا جس میں ملزم نے سیف کے گھر چوری کی کوشش کرنے کی وجہ بتائی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک پولیس افسر نے بتایا، ’اس (ملزم) نے سیف کے گھر کا انتخاب اتفاقیہ طور پر کیا۔ اس کا مقصد صرف کسی امیر شخص سے چوری کرنا اور لوٹی ہوئی رقم کے ساتھ بنگلادیش بھاگ کر اپنی بیمار ماں کی مدد کرنا تھا۔‘
پولیس افسر نے بتایا، ’جرم کے پیچھے فوری محرک یہ تھا کہ شرف نے 15 دسمبر کو تھانے کے ایک ریسٹورنٹ میں اپنی ملازمت کھو دی تھی، کیونکہ اسکے معاہدے کی مدت ختم ہوگئی تھی۔ اس کے بعد وہ تقریباً خالی ہاتھ ہو گیا تھا۔ اس نے پولیس کو یہی بتایا ہے۔‘