ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت سے اپنی دوسری مدت کے لیے 20 جنوری کو حلف اٹھایا، حلف برداری میں ان کے اہلخانہ بھی شریک تھے، ان کی پوتی کائی ٹرمپ نے تقریب اور اس کی تیاریوں کی ویڈیو شیئر کردی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پوتی کائی ٹرمپ نے حلف برداری کی تقریب کی جھلکیاں اپنے ویلاگ میں شیئر کردیں۔
یوٹیوب پر شیئر کی گئی ویڈیو میں کائی ٹرمپ نے حلف برداری کے دن کی مصروفیات بھی شیئر کیں، جس میں انہوں نے ٹرمپ کے دعائیہ تقریب میں شرکت اور اس کے بعد کا احوال بھی دکھایا۔
ویلاگ میں کائی کے والد جونیئر ٹرمپ بھی موجود تھے، جبکہ کائی ٹرمپ نے اپنے دادا کے ساتھ وائٹ ہاؤس کی پرانی یادیں بھی تازہ کیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی پوتی کا کہنا تھا کہ آج کا دن ان کیلئے بہت ہی یادگار تھا، اپنے دادا کے صدر بننے اور ان کی حلف برداری تقریب میں خاندان کے ساتھ شریک ہونے پر بہت خوش ہوں۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدر بننے کے بعد تقریب حلف برداری میں شرکت کےلیے اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ کیپٹل ہل پہنچے تھے۔
انہوں نے دوسری مدت کےلیے امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے صدر ٹرمپ سے حلف لیا، حلف اٹھانے کے بعد انہیں توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی تھی۔