اسلام آباد( خصوصی رپورٹر) سینیٹ میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان اور امتناع الیکٹرانک کرائم (پیکا) بل2025پیش کردئیے گئے،بل پیش کرنے کے موقع پر اپوزیشن کی شدید ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی، صحافیوں نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل پیش کرنے پر ایوان سے احتجاجاً واک آوٹ کیا،ڈپٹی چیئرمین نے بل متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کرتے ہوئے تین روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔جمعہ کو ایوان بالا کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر کی سربراہی میں ہوا ،اجلاس کے آغاز میں سینیٹر شیری رحمان نے تحریک پیش کی کہ وقفہ سوالات ملتوی کر دیا جائے جس پر ڈپٹی چیئرمین نے تحریک ایوان میں پیش کی جو اکثریت سے قبول کر لی گئی ، جس کے بعد وفاقی وزیر قانون اعظم تارڑ نے بل پیش کیے، پی ٹی آئی کے ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور احتجاج شروع کردیا،وزیر قانون نے پروینشن آف الیکٹرانک کرائم بل پیش کیا اس موقع پر پیکا ایکٹ بل پیش ہونے پر صحافیوں نے احتجاجاً پریس گیلری سے واک آئوٹ کیاجبکہ اپوزیشن کی جانب سے بھی شدید احتجاج جاری رہا ۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے دی ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2025 ایوان بالا میں پیش کیا ،ڈپٹی چیئرمین نے بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کرتے ہوئے تین روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔