پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن قومی اسمبلی علاؤالدین جونیجو نے کہا ہے کہ میں کراچی میں ہوں اور مجھ پر قتل کا الزام لگایا جارہا ہے۔
سانگھڑ واقعے کے بعد پیدا صورتحال پر سب تک نیوز سے گفتگو میں علاؤالدین جونیجو نے کہا کہ جس زمین پر جھگڑے کا کہا جارہا ہے وہ میرے نام رجسٹرڈ ہے، میری زمین پر کاشت کرنے والے ہاریوں پر حملہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میرے ہاری گاؤں میں بیٹھے تھے کہ ان پر حملہ ہوا، میرے 7 ہاری بھی زخمی ہوئے، میں کراچی ہوں اور مجھ پر قتل کا الزام لگایا جارہا ہے۔
پی پی ایم این اے نے مزید کہا کہ کل شب ہم نے پولیس کو رپورٹ درج کروائی کہ جھگڑا روکا جائے، پولیس بروقت ایکشن لیتی تو ایسا نہ ہوتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہلاک اور زخمی میری برادری کے ہیں، مجھے خود افسوس ہوا ہے، شفاف تحقیقات سے پتہ لگے گا کہ ہم نے حملہ کیا یا ہمارے لوگوں پر حملہ ہوا۔