ازبک گرینڈ ماسٹر نودیربیک یعقوبیوف نے بھارتی گرینڈ ماسٹر آر وشالی سے مصافحہ کرنے سے انکار کردیا جبکہ ازبک نوجوان نے اسکی وضاحت بھی پیش کردی۔
یہ واقعہ ٹاٹا اسٹیل شطرنج ٹورنامنٹ کے دوران اس وقت پیش آیا جب وہ ٹیبل پر موجود وشالی کے مقابلے کے لیے انکے سامنے پہنچے۔
بھارتی گرینڈ ماسٹر نے ازبک گرینڈ ماسٹر سے ہاتھ ملانے کےلیے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا لیکن ازبک گرینڈ ماسٹر نے مصافحہ کرنے سے انکار کردیا۔
نودیربیک یعقوبیوف کے بھارتی حریف کو ہاتھ کے اشارے سے منع کرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد سے ازبک گرینڈ ماسٹر پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوا۔
اس کے تناظر میں یعقوبیوف نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ایک طویل وضاحتی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ انکے اس عمل کا مقصد کسی کی توہین کرنا نہیں تھا، بلکہ ان کا یہ رویہ مذہبی وجوہات پر مبنی تھا۔
انکا کہنا تھا کہ میں بھارتی شطرنج کھلاڑی کا مکمل احترام کرتے ہوئے یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں مذہبی وجوہات کی بنا پر دوسری خواتین کو ہاتھ نہیں لگاتا۔