بھارتی میڈیا انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ارچنا پورن سنگھ فلم کی شوٹنگ کے دوران حادثے میں زخمی ہو گئیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے مختصر ویڈیو شیئر کی ہے اور بتایا ہے کہ میرے ہاتھ میں فریکچر ہو گیا ہے۔
اداکارہ نے اپنے وی لاگ کا مختصر ویڈیو کلپ انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے جس میں شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے کی جھلکیاں موجود ہیں۔
انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ہے کہ جو ہوتا ہے اچھے کے لیے ہوتا ہے، میں یقین کرنے کی کوشش کر رہی ہوں کہ میں بالکل ٹھیک ہوں اور ہمیشہ کی طرح مثبت ہوں، بس ایک ہاتھ سے کام کرنے میں کتنی مشکل ہوتی ہے، اب پتہ چل رہا ہے۔
وی لاگ میں ارچنا پورن سنگھ نے بتایا کہ وہ گزشتہ دنوں اداکار راج کمار راؤ کے ساتھ اپنی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر زخمی ہوئیں اور ان کی کلائی ٹوٹ گئی] جس کے بعد انہیں فوری طور پر ممبئی میں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی سرجری کی گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسپتال میں داخل ہونے کے بعد ارچنا کے بیٹے آیوشمان سیٹھی نے اپنے بھائی آریامان سیٹھی کو ان کی سرجری کی اطلاع دی، جس پر آریامان اپنی والدہ کی خیریت کے بارے میں فکر مند ہو کر رونے لگے۔
وی لاگ میں ارچنا نے بتایا کہ انہوں نے حادثے کے پہلے دن اپنے خاندان کے افراد کو ان کی ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں دی، کیونکہ وہ اس حادثے اور چوٹ کے باعث بہت پریشان تھیں۔
وی لاگ کے آخر میں ارچنا کو اسپتال سے ڈسچارج ہوتے اور اپنے شوہر اور بچوں سے ملتے ہوئے دکھایا گیا۔