امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ فضائی حادثہ ایک المیہ ہے، کوئی زندہ نہیں بچا، آج امریکا کےلیے تکلیف دہ دن ہے، حادثے کی وجہ سے امریکی غم میں ہیں۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر نے پوٹومیک دریا کے اوپر فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے کے درمیان تصادم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارے کے درمیان تصادم میں کوئی زندہ نہیں بچا۔
خیال رہے کہ واشنگٹن میں مسافر طیارہ اور فوجی ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرا کر تباہ ہوگیا، طیارے اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے، جس کی امریکی حکام نے تصدیق کر دی۔
طیارے میں 64 افراد، ہیلی کاپٹر میں 3 فوجی اہل کار سوار تھے، دریا سے بیشتر لاشیں نکال لی گئیں، طیارے کا ایک بلیک باکس مل گیا۔
حادثہ ریگن ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا، طیارے سے ٹکرانے والا بلیک ہاک فوجی ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا۔