پاکستان کی سینئر اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ کمائی میں برکت کا تعلق مرد یا خاتون ہونے سے نہیں بلکہ حلال و حرام سے ہوتا ہے۔
اداکارہ نادیہ خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کی خصوصی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر بات اور اپنی رائے کا اظہار کیا۔
شو کے دوران اداکارہ نے خواتین کی جانب سے خواتین کی کمائی کے خلاف دیے جانے والے بیانات پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ کسی بھی فرد کی کمائی میں برکت کا تعلق براہِ راست حلال اور حرام سے ہوتا ہے، کمائی میں برکت کا تعلق کسی بھی جنس سے نہیں ہے، ایک شخص کی کتنی کمائی ہے یہ بھی معانی رکھتا ہے۔
اداکارہ نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اللّٰہ نے مرد اور خواتین کو برابر کا درجہ دیا ہے، دونوں کی کمائی میں کوئی فرق نہیں ہے البتہ جس کی کمائی جتنی ہو گی اس میں برکت بھی اتنی ہی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ مذہبِ اسلام نے بھی مرد اور عورت کی کمائی میں کوئی تفریق نہیں رکھی ہے، اسلام میں بھی عورت کو کاروبار کرنے کی اجازت ہے لیکن بد قسمتی سے ہم مذہب کو فالو نہیں کرتے اسی لیے غلط سوچ رکھتے ہیں۔
نادیہ خان نے اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی مثال پیش کی۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے بچوں کی پیدائش سے لے کر اب تک ان کی اپنی کمائی سے پرورش کی ہے، نہ میں نے اپنے والد اور نہ ہی بچوں کے والد کا پیسہ استعمال کیا ہے، میری کمائی میں اللّٰہ نے ہمیشہ برکت دی ہے۔