معروف ملیالم اداکار اور ایسوسی ایشن آف ملیالم مووی آرٹسٹس (اما) کے سابق صدر موہن لال نے ہیما کمیٹی رپورٹ کو خوش آئند قرار دیا البتہ یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں ہر کسی کو الزام دینا درست نہیں ہے۔
حال ہی میں ملیالم فلم انڈسٹری میں بڑھتے ہوئے جنسی ہراسانی کے الزامات کے پیش نظر موہن لال نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ انکے ہمراہ 17 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی بھی مستعفی ہوگئی تھی۔
انکی جانب سے یہ اقدام ہیما کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کیا گیا جس میں جنوبی بھارت کی اس فلم انڈسٹری میں جنسی استحصال کی نشاندہی کی گئی تھی۔
ترواننت پورم میں کیرالہ کرکٹ لیگ کے لانچ کے موقع پر ہیما کمیٹی کی رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے موہن لال نے کہا کہ ’ہیما کمیٹی کی رپورٹ قابل تعریف ہے۔ میں دو بار کمیٹی کے سامنے پیش ہوا، تاہم میری درخواست ہے کہ انڈسٹری کو برباد نہ کریں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ بہت محنتی انڈسٹری ہے اور بہت سے لوگ اس میں شامل ہیں، لیکن ہر ایک کو قصوروار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، جو لوگ ذمہ دار ہیں، انہیں سزا دی جائے گی۔‘
موہن لال نے زور دیا کہ ’انڈسٹری کو تباہ نہ کریں، ایسوسی ایشن کو چلانے کے حوالے سے جو لوگ تنقید کر رہے ہیں، انہیں آگے آنا چاہیے اور انتخاب میں حصہ لینا چاہیے، ہم سب کو مل کر اس بحران سے لڑنا چاہیے۔‘