کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں بارش اور تیز ہوائوں کے باعث درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا،دو نومولود بچوں سمیت 3افراد کی لاشیں ملیں۔تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں درخت گرنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔متوفی کی شناخت سعد جمال کے نام سے ہوئی جو پارک کے اندر درخت کے نیچے بیٹھا ہوا تھا۔درخت گرنے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آئی ہے جس میں تیز ہوا کے باعث درخت کو گرتے ہوئے دیکھ جاسکتا ہے ۔درخت گرنے سے وہاں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔گزشتہ روز سے درخت گرنے کے واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ناظم آباد رضویہ سوسائٹی کے قریب ٹرالر سڑک میں دھنس گیا۔ٹرالر کو کرین کی مدد سے نکالا گیا۔حادثے کے باعث ناظم آباد سے پٹیل پاڑہ جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔سرجانی بابا موڑ ٹائم اسکوائر فلیٹ نمبر 16 سے ایک شخص کی لاش ملی جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔متوفی کی شناخت 34 سالہ سید مسلم ولد محمد مقصود کے نام سے ہوئی،فوری طور پر متوفی کی وجہ موت معلوم نہیں ہو سکی ہے۔آگرہ تاج نیول فلیٹس کی دیوار کے نیچے کچرا کنڈی میں سے ایک بچے اور بچی کی لاشیں ملیں۔ دونوں نومولود بچوں کی لاشوں کو تدفین کے لیے ریسکیو ادارے کے رضاکاروں نے اٹھایا۔آرام باغ میں مخدوش عمارت کی سیڑھیاں گرگئیں جس کے نتیجے میں 3 افراد معمولی زخمی ہوئے۔