جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ مٹھی بھر حکمران عوام کی کمائی کو لوٹ رہے ہیں، عوام حکومت، پارلیمنٹ اور اسٹیبلشمنٹ سے مایوس ہیں۔
چکوال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں تاجروں کے ساتھ مل کر احتجاج کر رہی ہے، ہم نے 14 دن کے دھرنے کے بعد ملک گیر ہڑتال اور احتجاج کی راہ اپنائی۔
نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں ممبر سازی مہم شروع کرنے جا رہی ہے، جس کا آغاز چکوال سے کر رہے ہیں، ہمارا ٹارگٹ 5 کروڑ ووٹرز اور ممبرز حاصل کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امیر جماعت اسلامی کا عوامی ایجنڈا اس وقت گھر گھر کی زینت بنا ہوا ہے، ہم نے عوامی مسائل کو دیکھتے ہوئے ’حق دو عوام کو‘ تحریک کا آغاز کیا۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت اور اپوزیشن کی جماعتوں کا ایک دوسرے پر اعتبار نہیں، اقتدار پر بیٹھے ہوئے حکمران عوام کو ڈیلیور نہیں کر رہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں اس وقت صاف شفاف انتخابات کی ضرورت ہے، متنازع الیکشن کمیشن اب عوام کو مطمئن نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کی مد میں بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔