وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کے واقعات میں کے الیکٹرک کی غفلت ثابت نہیں ہوئی۔
قومی اسمبلی میں کراچی میں کرنٹ لگنے سے متعدد افراد کی ہلاکت سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا۔
یہ توجہ دلاؤ نوٹس اجلاس میں سید امین الحق، معین عامر پیرزادہ، رعنا انصار اور نگہت شکیل نے پیش کیا۔
سید امین الحق نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک نے سسٹم اپ گریڈیشن کے لیے کیا کام کیا؟
وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ جولائی اور اگست میں کراچی میں ضرورت سے زیادہ بارش ہوئی، کےالیکٹرک نے احتیاطاً 300 فیڈرز بند کیے تاکہ کسی کو کرنٹ نہ لگے، 24 واقعات ہوئے لیکن تمام کے تمام گھروں کے اندر ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ایف آئی آر درج ہوئی لیکن اس میں بھی کے الیکٹرک کی غفلت ثابت نہیں ہوئی، معاملہ کمیٹی میں بھیجیں تاکہ اراکین کو بریفنگ دی جا سکے۔
وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے بتایا کہ کچھ دن پہلے خیبر پختون خوا میں گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بولا گیا، خدانخواستہ یہ کسی دن حادثے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس معاملے میں کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، کےالیکٹرک کے سولر اور ونڈ پروجیکٹس کے لیے 7 بڈز آئی ہیں، ان پروجیکٹس کے ذریعے کراچی کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔