جنوبی بھارت کے اداکار تھلاپتی وجے سے متعلق دعویٰ سامنے آیا ہے کہ وہ 2026 میں ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ بن جائیں گے۔
تھلاپتھی وجے کے مداح اور شائقین ان کی آنے والی فلم "دی گریٹسٹ آف آل ٹائم” (GOAT) کے لیے پُرجوش ہیں۔ اس فلم کے حوالے سے فلم کے ہدایتکار وینکٹ پربھو کے بھائی اداکار پریم جی کا کہنا ہے کہ یہ فلم ایک بلاک بسٹر ہوگی اور عالمی سطح پر تمام زبانوں میں 1500 کروڑ روپے کا بزنس کرے گی۔
پریم جی نے فلم میں اپنے کردار کے بارے میں یوں بتایا کہ فلم میں وجے دو کردار ادا کر رہے ہیں – ایک بڑے وجے اور ایک چھوٹے وجے کا۔
پریم جی نے انکشاف کیا کہ فلم میں وجے کی گاڑی کا نمبر "CM2026” ہے، جو وجے کے 2026 میں سیاست میں داخلے کی علامت ہے۔
جب پریم جی سے پوچھا گیا کہ کیا وہ 2026 میں وجے اور ان کی پارٹی کے لیے ووٹ دیں گے؟ تو انہوں نے کہا "جی ہاں، بالکل! میں ان کےلیے ووٹ دوں گا۔ مجھے یقین ہے کہ وجے 2026 میں تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔ دیکھتے رہیے۔”