کراچی میں کارساز روڈ پر پیش آنے والے حادثے کی ملزمہ کے خلاف منشیات کے استعمال کے کیس میں درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی شرقی کی عدالت میں منشیات استعمال سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے ملزمہ کے خلاف منشیات کے استعمال کے کیس میں دائر کی گئی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ملزمہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ پیر کو ساڑھے10بجے سنایا جائے گا۔
حادثے کے مقدمے میں ضمانت منظور
اس سے قبل سماعت کے دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کراچی شرقی کی عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے ملزمہ کی 1 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔
ملزمہ کے وکیل کی جانب سے دلائل مکمل کیے جانے کے بعد عدالت نے ملزمہ کی درخواستِ ضمانت پر آج ہی فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے کار ساز میں پیش آنے والے حادثے کے کیس میں فریقین میں معاملات طے پا گئے ہیں۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے عمران عارف اور آمنہ عارف کے ورثاء نے حلف نامے تیار کروا لیے ہیں۔
حلف نامے کا متن
طے پائے گئے حلف نامے میں متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ہمارے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں ہم نے ملزمہ کو معاف کر دیا ہے۔
حلف نامے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء نے کہا ہے کہ ہم نے اللّٰہ کے نام پر معاف کیا ہے جو بڑا مہربان اور نہایت رحم والا ہے۔
ورثاء نے حلف نامے میں کہا ہے کہ ملزمہ کو ضمانت دینے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، جو حادثہ ہوا تھا وہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا۔
حلف نامے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کا کہنا ہے کہ ہم نے بغیر کسی دباؤ کہ یہ نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ دیا ہے، ہم نے حلف نامے میں جو کچھ کہا ہے بالکل درست کہا ہے۔