پلڈاٹ نے الیکشن کمیشن کے تیسرے اسٹریٹجک منصوبے پر عملدرآمد رپورٹ جاری کر دی۔ الیکشن کمیشن کا تیسرا اسٹریٹجک منصوبہ 2019 سے 2023 تک کا ہے۔
پلڈاٹ کے مطابق الیکشن کمیشن اسٹریٹجک منصوبے پر عملدرآمد میں شفافیت کو بہتر بنائے۔ انتخابی اداروں میں اعتماد کی بحالی کےلیے شفافیت ناگزیر ہے۔
رپورٹ کے مطابق چوتھے اسٹریٹجک منصوبے (2024 تا 2028) کے اجراء میں مزید تاخیر نہیں کی جانی چاہیے۔ الیکشن کمیشن اپنے شفافیت اور احتساب کے ادارہ جاتی نظام کو بہتر بنائے، جبکہ تیسرے اسٹریٹجک منصوبے پر عملدرآمد کے طریقہ کار اور سالانہ رپورٹوں کی تاخیر سے اجراء پر خدشے کا اظہار کیا گیا۔
پلڈاٹ رپورٹ کے مطابق اسٹریٹجک منصوبے میں داخلی و خارجی دونوں قسم کے اقدامات پر توجہ دی گئی ہے۔
پلڈاٹ رپورٹ میں الیکشن کمیشن کے خارجی اقدامات میں انتخابی انتظامات اور شراکت داروں کے ساتھ تعلقات بنانے پر زور دیا گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 15 سال کے دوران اسٹریٹجک منصوبہ بندی میں الیکشن کمیشن کی مسلسل کوششوں کو سراہا جانا چاہیے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں میں صنفی فرق کو 2023 تک 6 فیصد تک کم کرنے کا عہد کیا۔ انتخابی فہرستوں میں صنفی فرق دسمبر 2023 میں 7.7 فیصد تھا۔
پلڈاٹ کے مطابق شفافیت یقینی بنانے کیلئے رپورٹس جاری کرنے کے ساتھ انہیں ویب سائٹ پر اپ لوڈ بھی کیا جائے۔
پلڈاٹ نے تجویز دی کہ الیکشن کمیشن کی ساکھ بہتر بنانا اگلے اسٹریٹجک منصوبے کا ایک اہم حصہ ہونا چاہیے۔ الیکشن کمیشن کی 2022 اور 2023 کی سالانہ رپورٹس مقررہ وقت میں جاری نہیں کی گئیں۔