لاہور (نیوز رپورٹر) کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے گزشتہ روز یوم دفاع کے حوالے سے کھیم کرن یادگار شہداء پر حاضری دی۔ پروقار تقریب میںپاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ کور کمانڈر اور دیگر نامور غازیوں نے یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں ۔ ان غازیوں میں 1965ء کی جنگ میں کھیم کرن کے محاذ پر لڑنے والے 5 فرنٹیئر فورس کے کرنل ممتاز، 2 فرنٹیئر فورس گائیڈز کے بریگیڈیئر یعسوب اور 12 میڈیم رجمنٹ آرٹلری کے بریگیڈیئر امتیاز ملک شامل تھے۔ یہ یادگار ان شہدائے وطن اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بنائی گئی جنہوں نے روہی وال کے مشہور جوابی حملے میں دشمن کے چھکے چھڑا کر کھیم کرن تک کا علاقہ فتح کر لیا۔ اس معرکہ میں پاک فوج کے 257 سپوتوں نے دھرتی ماں کے تقدس پر اپنی جانیں نچھاور کیں۔ 16غازیوں کو ان کی بے مثال جرات اور بہادری پر اعلی فوجی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔