آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانی نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کے آخر تک بچوں کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کے لیے باقاعدہ قانون سازی کریں گے۔
انتھونی البانی نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ آسٹریلوی حکومت 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کرے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ قانون سازی سے پہلے بچوں کی عمر کی تصدیق کا ٹرائل کیا جائے گا۔
آسٹریلوی وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک جیسی ویب سائٹس کے استعمال کے لیے بچوں کی عمر کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے لیکن توقع ہے کہ سوشل میڈیا استعمال کرنے کے لیے بچوں کی کم سے کم عمر 14 یا پھر 16 سال مقرر کی جائے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ میرا ذاتی خیال یہ ہے کہ 16 سال سے کم عمر تمام بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد ہونی چاہیے، میں ان بچوں کو سوشل میڈیا سے دور جبکہ سوئمنگ پولز اور کھیل کے میدانوں میں دیکھنا چاہتا ہوں۔
انتھونی البانی نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بچے اپنے ارد گرد موجود لوگوں کے ساتھ حقیقی تجربات کریں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ سوشل میڈیا سماجی نقصان کا باعث بن رہا ہے۔