پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ویسے تو گورنر راج کے حق میں نہیں ہے، مگر مجبوراً گورنر راج لگایا جاسکتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کی۔
اس موقع پر چیئرمین پی پی پی نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ سے متعلق سوال پر کہا کہ اٹھارہویں ترمیم میں ایسے اقدامات کیے ہیں کہ گورنر راج طویل عرصے کیلئے نہیں لگ سکتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ججز سے متعلق ترمیم جیسے معاملے پر اتفاق رائے کسی بھی پارلیمنٹ کےلیے چیلنج ہوتا ہے، ملک کی سیاسی صورتحال سے ہر پاکستانی مایوس ہے، کوئی شہری اس بات سے انکار نہیں کر سکتا کہ ہماری سیاست ٹوٹ چکی ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پارلیمان کو فعال کردار، قانون سازی، عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے، ہم جب یہاں پہنچتے ہیں یا عام آدمی ٹی وی پر دیکھتا ہے تو اسے نظر آرہا ہے کہ نظام نہیں چل رہا، شہید بھٹو کو ابھی انصاف ملا، شہید بھٹو کی تیسری نسل کو انتظار کرنا پڑا کہ ججز انصاف دیں گے، عام پاکستانی کی کیا امید ہو سکتی ہے ۔