چیف جسٹس آف پاکستان (سی جے پی ) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن اجلاس کا اعلامیہ سامنے آگیا۔
اعلامیے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 175 کی سب کلاز 4 کے تحت 2010ء میں جوڈیشل کمیشن کے رولز بنائے گئے، مسلسل مطالبہ کیا جارہا تھا کہ ان رولز کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 8 دسمبر 2023 کو 2 ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس (ر) منظور احمد ملک پر مشتمل کمیٹی بنائی۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں ہائی کورٹس کے سینئر ججز، اٹارنی جنرل، پاکستان بار کونسل اور صوبائی بار کونسلز کے نمائندے شامل تھے۔
اعلامیے کے مطابق آج اجلاس میں کمیٹی نے رولز میں ترمیم کا ڈرافٹ جوڈیشل کمیشن میں پیش کیا، ارکان کی رائے لی اور رولز ڈرافٹ مسودے پر تجاویز اتفاق رائے سے منظور کرلیں۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس کے اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کمیشن اجلاس میں ججز کی تقرری کےلیے مختلف کیٹیگریز پر تجاویز لی گئیں، منظور شدہ تجاویز پر متفقہ مسودہ چیف جسٹس اور سینئر پیونی جج اگلے اجلاس میں پیش کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق آئندہ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے قواعد میں تبدیلی کے حوالے سے تجاویزکا متفقہ مسودہ پیش کیا جائے گا، جوڈیشل کمیشن کا آئندہ اجلاس 28 ستمبر کو صبح 10 بجے ہوگا۔