پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کا مقصد منظور نظر جج کو عہدے پر قائم رکھنا ہے۔
سب تک نیوز کے پروگرام نیاپاکستان میں گفتگو کے دوران سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اگر حکومت نے ہمارے ارکان کو ڈرا دھمکا کر ملایا تو ان کے نمبرز پورے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک شخص کو ملازمت میں رکھنےکےلیے یہ سب کچھ کیا جارہا ہے، بشمول چیف جسٹس کسی کو اس ترمیم کو قبول نہیں کرنا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت دو ماہ بعد بھی ترمیم کرسکتی ہے لیکن آئینی ترمیم کا مقصد منظور نظر جج کو عہدے پر قائم رکھنا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ روایت تھی کہ سینئر ترین جج کو چیف جسٹس بنایا جاتا تھا، مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں، وہ جانتے ہیں یہ کیوں کیا جارہا ہے۔
سلمان اکرم راجا نے یہ بھی کہا کہ 5 ججوں میں منظور نظر جج کو چیف جسٹس لگانا عدلیہ کے ادارے کو تتر بتر کرنا ہے، ہر طریقے سے سپریم کورٹ کو مغلوب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ایک بڑا بینچ بنتا ہے، چیف جسٹس اس کی سربراہی کرتے ہیں، 12 جولائی کے فیصلے کے دن ہی ہمارے اراکین کو اٹھایا گیا، حکومت دھونس و جبر سے نمبر پورے کرے گی۔