جیکب آباد کے گاؤں اللّٰہ بخش جکھرانی میں پولیو ورکر سے مبینہ زیادتی کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم احمد جکھرانی گرفتار کرلیا گیا۔
جیکب آباد میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ظہور مری اور ایس ایس پی سمیر نور چنہ نے پریس کانفرنس کی۔
ایس ایس پی کے مطابق خاتون پولیو ورکر کے ڈی این اے نمونے جامشورو منتقل کیے گئے ہیں جبکہ مقدمے میں زیادتی کی دفعہ شامل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ قبائلی معاشرے کے باعث خاتون اس وقت گھبرا گئی تھی، خاتون کو سیف ہاؤس منتقل کیا تاکہ آرام محسوس کرے اور حقیقت بیان کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت میں آج خاتون نے بیان دیا اور زیادتی کی تصدیق کی، اس موقع پر ڈی ایچ او اور تھانہ ایس ایچ او بھی پیش ہوئے۔
رپورٹ مکمل نہ ہونے پر عدالت نے واقعہ کی تفتیش کےلیے جے آئی ٹی ٹیم تشکیل دے کر لیڈی انسپکٹر مقرر کرنے کی ہدایت کی۔
متاثرہ خاتون کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں بیان دینے کے بعد والدین کے حوالے کردیا گیا۔