سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر احسن بھون نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو آئین میں ترمیم کا اختیار ہے، ہمارے لیے قاضی فائز عیسیٰ سمیت تمام ججز قابلِ احترام ہیں، ایسی کوئی ترمیم نہیں آنی چاہیے جس سے کسی کی میعاد بڑھائی جائے۔
پنجاب بار کونسل میں مختلف بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کی گئی۔
پریس کانفرنس میں صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن شہزاد شوکت، سابق صدر احسن بھون، وائس چیئرمین پنجاب بار بابر وحید اور صدر لاہور بار منیر بھٹی بھی شریک ہوئے۔
صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن شہزاد شوکت نے کہا کہ کورٹ فیس کا کم ہونا اچھی بات ہے، لیکن یہ ہونی ہی نہیں چاہیے۔
دوسری جانب سابق صدر احسن بھون نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی پر کچھ سیاسی جماعتوں نے واویلا مچا رکھا ہے، ہم کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں، غیر جانبدار ہیں۔
انہوں کہا کہ آئینی پیکیج ابھی سامنے نہیں آیا اس پر کیا بات کریں، آئین کے بنیاری ڈھانچے کے خلاف قانون سازی ہو ہی نہیں سکتی، جو لوگ سپریم کورٹ بار پر تنقید کر رہے ہیں وہ خود ہمیشہ ڈکٹیٹر کے ساتھ رہے۔
احسن بھون نے یہ بھی کہا ہے کہ کورٹ فیس میں کمی کا مطالبہ تسلیم کرنے پر پنجاب حکومت کے شکر گزار ہیں، اصولی طور پر تو کورٹ فیس ہونی ہی نہیں چاہیے۔