انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023ء کے 21ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارتی ٹیم کو 274 رنز کا ہدف دے دیا۔
دھرم شالا میں کھیلے جانیوالے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 273 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیرل مچل نے 130 رنز بنائے، ڈیرل مچل کی اننگز میں 5 چھکے اور 9چوکے شامل تھے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی ٹیم جب بیٹنگ کرنے آئی تو اسے ابتدا میں اس وقت مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب 9 کے اسکور پر اوپننگ بیٹر ڈیون کانوے چوتھے اوور میں محمد سراج کی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔
نویں اوور کی پہلی گیند پر نیوزی لینڈ کو 19 کے اسکور پر دوسری وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑگیا، جب بھارتی بولر محمد شامی نے دوسرے اوپنر ول ینگ کی وکٹیں اڑا دیں ول ینگ 27 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو سنبھالا دینے کیلئے ڈیرل مچل آئے اور انہوں نے کریز پر پہلے سے موجود رچن رویندرا کے ساتھ محتاط انداز میں بیٹنگ کرکے 159 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم 34 ویں اووز کی تیسری گیند پر رچن رویندرا 178 کے اسکور پر شبھن گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے اپنی اننگر میں 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 87 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 205 کے اسکور پر گری جب اس کے کپتان ٹام لتھن صرف 5 رنز بنا کر کلدیب یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ 38 رنز کی شراکت کے بعد نیوزی لینڈ کو اپنی پانچویں وکٹ سے بھی اس وقت ہاتھ دھونا پڑا جب گلین فلپس کلدیپ یادیو کی گیند پر 23 رنز بنا کر روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
جب نیوزی لینڈ کا اسکور 257 ہوا تو اسے اپنی چھٹی وکٹ کا نقصان مارک چمپن کی صورت میں اٹھانا پڑا جو صرف 6 رنز بنا کر جسپریت بمرا کی گیند پر ویرات کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، 48 ویں اوور کی چوتھی گیند پر نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 260 کے اسکور پر اس وقت گری جب مچل صرف ایک رن بنا کر محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
260 کے ہی اسکور پر نیوزی لینڈ کی آٹھویں وکٹ گر گئی جب میٹ ہنری بغیر کوئی رن بنائے محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے زبردست اننگر کھیلنے والے ڈیری مچل نویں نمبر پر 130 رنز بنا کر ویرات کوہلی کے ہاتھوں 273 کے اسکور پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ 50 ویں اوور کی آخری گیند پر 273 کے ہی مجموعے پر فرگوسن 1 رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 5 وکٹیں لیں، کلدیپ یادیو نے 2 محمد سراج اور جسپریت بمرا نے ا1، 1 وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے موقع پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، کم اسکور پر آؤٹ کر کے ہدف کا تعاقب کریں گے، ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔
انجرڈ ہاردیک پانڈیا اور شردُل ٹھاکر ٹیم میں شامل نہیں ہیں جبکہ ان کی جگہ فاسٹ بولر محمد شامی اور سوریا کمار یادیو پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے، کل ٹریننگ کے وقت اندازہ ہوا رات میں اوس پڑے گی۔
واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی ٹیم 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے اور بھارت بھی چار میچز جیت کر 8 پوائنٹس حاصل کر چکا ہے مگر کیوی ٹیم بہتر رن ریٹ کی وجہ سے ٹاپ پر ہے۔