گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے سعودی عرب کے قائم مقام قونصل جنرل عبدالرحمٰن سعد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک سعودیہ اقتصادی تعلقات، سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اسلامی اخوت کے رشتے میں منسلک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے، سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔
سعودی عرب کے قائم مقام قونصل جنرل عبدالرحمٰن سعد کا کہنا ہے کہ پاکستان سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی بھی موجود تھے۔