شجاع آباد: جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اس ملک میں کمزور کا خون بہانا، کمزور کا گھر جلانا اور اس کی بیٹی کو اغوا کرنا معمول ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق تربت میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے شہدا کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے شہدا کیلئے دعائے مغفرت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے حکومت کی جانب سے کوئی نمائندہ تعزیت کیلئے نہیں پہنچا، ہمارے ملک میں غریب مظلوم اور مزدور لوگوں کو بے دردی سے مار دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدور بلوچستان رزق حلال کمانے جاتے ہیں کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ ڈالنے یا ڈاکہ ڈالنے نہیں جاتے. نہ صدر پاکستان آئے نہ وزیر اعلیٰ آیا اور نہ ہی پنجاب کا گورنر آیا ہے۔سراج الحق نے کہا کہ اس ملک میں کمزور کے حقوق کا کوئی تحفظ نہیں، حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کیا ایکشن لیا ہے؟، ابھی تک قاتلوں کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جس کے پاس پیسہ ہے پولیس، میڈیا اس کے ساتھ ہے، دنیا بھی اس کے ساتھ ہے .لیکن جب غریب کی ماں انصاف کیلئے چیختی اور چلاتی ہے تو یہ اندھے، گونگے اور بہرے ہو جاتے ہیں۔