سندھ ہائی کورٹ نے سندھ حکومت کی جانب سے انٹرمیڈیٹ بورڈز کے چیئرمین حضرات کی تقرری کے خلاف فوری سماعت کی درخواست منظور کر لی۔
حکومتِ سندھ کے وکیل نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی حکمِ امتناع بورڈز کے سربراہوں کی تقرری میں رکاوٹ ہے، سندھ ہائی کورٹ نے ایک درخواست پر انٹرمیڈیٹ بورڈ کے چیئرمین حضرات کی تقرری پر پابندی لگائی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی اہم معاملہ ہے، تعلیمی ماحول متاثر ہو رہا ہے اس لیے درخواست کی فوری سماعت کی جائے تاکہ چیئرمین حضرات کی تقرری کا راستہ کھل سکے۔
سندھ حکومت کی درخواست کے مطابق بورڈز کے چیئرمین کے لیے 2021ء میں سرچ کمیٹی کے توسط سے اشتہار شائع کروایا گیا، سرچ کمیٹی نے درخواست گزار کا نام شارٹ لسٹ کر کے آگے بھیجا تھا، درخواست گزار اس وقت اسلام آباد میں تعینات ہیں اور متعدد کتابوں کے مصنف ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہاں بورڈ کے ایسے چیئرمین لگا دیے گئے ہیں جو امتحان میں فیل ہو گئے تھے، درخواست کے فیصلے تک بورڈز کے چیئرمین حضرات کو کام کرنے سے روکا جائے۔
عدالت نے درخواست کی سماعت 10 اکتوبر کو مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔