ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصر کنعانی کا کہنا ہے کہ ایران اسرائیل کے "مجرمانہ اقدامات” کا جواب دیے بغیر نہیں رہے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی حکام کے ساتھ مل کر معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، صیہونی حکومت کے ہر مجرمانہ اقدامات کا جواب دیں گے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے کہا کہ ہم خالی وعدے نہیں کرتے، عملی طور پر دکھایا ہے کہ ایران کی قومی سلامتی کی خلاف ورزی کرنے والے جارحین کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن اس سے خوفزدہ نہیں ہے۔
ناصر کنعانی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگرچہ سید حسن نصراللّٰہ شہید ہو چکے ہیں، لیکن ان کا نظریہ زندہ ہے، بلاشبہ مزاحمتی محاذ اور لبنانی عوام جلد ہی صیہونیت کی موت اور بیت المقدس کی آزادی کا جشن منائیں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سید حسن نصراللّٰہ کے قتل کے بعد ایران نے فوری طور پر بین الاقوامی اور قانونی اقدامات کا آغاز کیا۔
ناصر کنعانی نے وضاحت کی کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی اور اس دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور سلامتی کونسل سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک میں صیہونی حکومت کو سزا دینے کی صلاحیت موجود ہے اور فلسطینیوں کو بھی توقع ہے کہ اسلامی ممالک صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالیں گے۔